کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کےچیئر مین آفاق احمدنے کہا ہے کہ پیکا ایکٹ آزادی اظہارکے خلاف ہے جسے یکسر مسترد کرتے ہیں، آزادی اظہار عوام کابنیادی حق ہے اسکا دفاع کرینگے، یہ بات انھوں نےمہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی مرکزی کمیٹی اور سندھ اربن گریجویٹ فورم کی مرکزی کمیٹی کےمشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ پیپلزپارٹی کے امتیازی سلوک تعلیم اور ملازمتوں سے محروم کرنے کی حکومتی کوششوں سمیت پیکاجیسے قانون پر تفصیلی بات ہوئی، چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ پیکاجیسے قوانین فرمائشی ہیں اس سے ملکی سا لمیت اور استحکام کا کوئی تعلق نہیں، پیکا آزادی اظہار کے خلاف ہے، مہاجر قومی موومنٹ اسے اظہار رائے کی آزادی کا گلا گھونٹنے کے مترادف سمجھتی ہے اس لئے اسے یکسر مسترد کرتے ہیں،حکومت اس قانون کے ذریعے جمہور کی آوازدبانے کیلئے، عدالتوں کا قیام اور خود ہی ججوں کی تقرری چاہتی ہے۔