لاہور(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جو سمجھتے ہیں پیکا قانون سے حق تلفی ہورہی ہے، ہائیکورٹ چلے جائیں، پیکا ایکٹ کا مقصد فیک نیوز کا خاتمہ اور سوشل میڈیا کے خطرات کا تدارک کرنا ہے، صحافت کی آڑ میں سوشل میڈیا کو مادر پدر آزاد نہیں چھوڑا جا سکتا، کرپشن نے اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، وزارت اطلاعات کے ماتحت اداروں کو منافع بخش بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، صحافیوں کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی ایمپلائز یونین پنجاب کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اداروں کے ملازمین قومی اثاثہ ہیں، ملازمین کی محنت، لگن اور مہارتیں ہی ادارے کی کامیابی کی بنیاد ہوتی ہیں۔ ریڈیو پاکستان سے پاکستان کی آزادی کا اعلان ہوا جو ایک بڑا اعزاز ہے۔