کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیونیوزکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں وکیل بانی تحریک انصاف، فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ سیکورٹی ذرائع اتنے کمزور نہیں ہوتے کہ خود جواب نہ دے سکیں،سینئر رہنما مسلم لیگ ن،سینیٹر طلال چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خط بدنیتی پر مبنی اور تضادات سے بھرا ہوا ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا آغاز،ٹیرف کے جواب میں چین کا امریکی مصنوعات پر ٹیرف لگانے کا اعلان۔وکیل بانی تحریک انصاف، فیصل چوہدری نے کہا کہ ذرائع سے ہونے والے جواب مفروضے پر ہوتے ہیں۔سیکورٹی ذرائع اتنے کمزور نہیں ہوتے کہ خود جواب نہ دے سکیں۔ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کے نام کھلے خط میں اپنا موقف بیان کیا ہے۔ آگے بڑھ کر پاکستان کے مستقبل اور درپیش چیلنجز پر توجہ دلائی ہے۔بانی نے کہا ہے کہ تین سال کی پالیسیوں کا پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آپ کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا پڑیں گی۔میں نہیں مانتا کہ کھلا خط متعلقہ اداروں تک نہیں پہنچا ہوگا۔بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے کھلا خط بھیجا ہے۔بانی پی ٹی آئی پاکستان میں رہ کر بہادری سے مقدمات کا سا منا کررہے ہیں۔ اس خط میں عوام اور فوج کو یکجا کرنے کے لئے کچھ تجاویز پیش کی گئی ہیں۔دو جماعتیں خود کو سیاسی کہتی ہیں مگر ان کے ساتھ عوام نہیں ہیں۔ بانی پی ٹی آئی جیل کے اندر ہیں لیکن عوام ان کے ساتھ ہے۔یہ کسی بھی سیاسی عمل کی اجازت نہیں دیتے۔سینئر رہنما مسلم لیگ ن،سینیٹر طلال چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خط بدنیتی پر مبنی اور تضادات سے بھرا ہوا ہے۔ خط کی پہلی سطر ہے کہ فوج بھی میری ملک بھی میرا۔اسی ایکس اکاؤنٹ پر بانی پی ٹی آئی کی فوج مخالف پوسٹس موجود ہیں۔کیا پی ٹی آئی، آرمی چیف پر لگائے گئے الزامات سے پیچھے ہٹ گئی؟ آج کی اسٹیبلشمنٹ واضح ہے اس لئے سیاسی استحکام اور معاشی استحکام آچکا ہے۔