• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کی جوابی کارروائی، امریکی سامان پر 15 فیصد ٹیکس عائد کردیا

بیجنگ (اے ایف پی) چین نے امریکہ کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارتی جنگ میں جوابی کارروائی کی دھمکیاں دیتے ہوئے توانائی، کاروں اور مشینری کے پرزوں کی امریکی درآمدات پر محصولات عائد کر دیئے،امریکہ سے کوئلے اور مائع قدرتی گیس کی درآمد پر 15 فیصد،تیل، زرعی مشینری، گاڑیوں اور ٹرکوں پر 10 فیصد ڈیوٹی عائد،اجارہ داری مخالف قوانین کی خلاف ورزیوں پر امریکی ٹیک کمپنی گوگل کے خلاف تحقیقات کا اعلان ۔یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہفتے کو چینی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف میں اضافے کے نفاذ کے چند منٹ بعد ہی سامنے آیا ہے۔امریکہ میں موجود تمام چینی اشیا پر گزشتہ شب 12 بجے سے 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد ہو گیا ۔ قبل ازیں، صدر ٹرمپ نے چین کو کئی بار متنبہ کیا تھا کہ وہ امریکہ میں آنے والی منشیات کے تدارک کے لیے کام نہیں کر رہا۔چین کے نئے ٹیرف پیر سے لاگو ہوں گے۔امریکہ سے کوئلے اور مائع قدرتی گیس کی درآمد پر 15 فیصد ٹیرف لگائے جائیں گے۔خام تیل، زرعی مشینری، بڑی انجن والی گاڑیوں اور پک اپ ٹرکوں پر 10 فیصد ڈیوٹی عائد ہے۔چین نے گزشتہ روز کہا کہ اس نے عالمی تجارتی تنظیم میں بد نیتی پر مبنی محصولات پر شکایت درج کرائی ہے، اگرچہ اس سے مختصر مدت میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔علاوہ ازیں،چین کی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن نے اجارہ داری مخالف قوانین کی خلاف ورزیوں پر امریکی ٹیک کمپنی گوگل کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا۔ چین کی وزارت تجارت اور کسٹمز ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ وہ نادر دھاتوں پر بھی ایکسپورٹ کنٹرول حاصل کرنے جا رہے ہیں، جو ہائی ٹیک گیجٹس اور توانائی کی شفاف منتقلی کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔چین کی جانب سے لگایا جانے والا ٹیرف 10 فروری سے امریکی اشیا کو ٹارگٹ کرنا شروع کرے گا۔
اہم خبریں سے مزید