مظفرآباد / اسلام آباد ( نمائندگان جنگ / نیوز ایجنسیز )وزیراعظم شہباز شریف نے مظفر آباد میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نتیجہ خیز مذاکرات کرے، کشمیر اسکا حصہ نہیں بن سکتا، جموں و کشمیر کا تنازع خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ، حق خودارادیت حصول تک غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے حریت رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑچکے، 10 اور لڑنا پڑیں تو لڑیں گے،کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہےگا، بھارتی مظالم اور بڑھتی ہندو انتہا پسندی سے کشمیریوں کا عزم آزادی مضبوط ہو رہا ہے، کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دیاجائےگا۔ ادھر دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور راولپنڈی اسلام آباد میں ریلیاں نکالی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مظفر آباد میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا،بھارت تنازع کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے، 5 فروری پکار پکار کر یاد دلارہا ہے کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا،کشمیریوں کے آزادانہ اور منصفانہ حق رائے دہی کے ذریعے تنازع کشمیر کا حل ہی خطے اور دنیا میں امن کا واحد راستہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن میں 24 کروڑ عوام کی جانب سے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے حاضر ہوا ہوں، آج ہم ان عظیم شہدا کو سلام پیش کرنے آئے ہیں جنہوں نے گزشتہ 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے لہو سے آزادی کی ناقابل فراموش داستان لکھی ہے،جموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون، حق خودارادیت کے حصول تک غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ بھارت اور خطے کے بہترین مفاد میں ہےکہ وہ 5 اگست 2019 کی سوچ سے باہر نکلے، کشمیریوں کے آزادی کے نعرے کی شدت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، بھارت کو آج ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، اس جہدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جب تک کہ انہیں ان کا حق آزادی نہیں مل جاتا اور وہ سرخرو نہیں ہوجاتے۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی ولولہ انگیز جدوجہد سے بھارت کے فوجی غرور کو شکست فاش دی ہے، بھارتی فوج نے ہر طرح کا ظلم و جبر ڈھایا اور وادی کشمیر کو بے گناہ کشمیریوں کے خون سے سرخ کردیا مگر آج بھی کشمیریوں کا عزم آزادی مضبوطی سے ڈٹا ہوا ہے’بھارتی فوج کی تعداد میں اضافے سے کشمیریوں کی آزادی کی تڑپ اور بڑھ رہی ہے۔علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انہوں نے کشمیر میں چیلنجنگ آپریشنل حالات کے مقابلے میں تعینات افسروں، سپاہیوں اور جوانوں کی غیرمتزلزل لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی تعریف کی۔