کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)بلوچستان یوتھ موومنٹ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے کشمیریوں کے حق اور بھارت کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین فرید اللہ کاکڑ ، جوائنٹ سیکرٹری احتشام بلوچ اور ترجمان عطاء اللہ کاکڑ نے کہا کہ ہر سال پانچ فروری کا دن کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف آواز بلند اور ان کی جانب سے حقیقی آزادی کیلئے کی جانے والی جدوجہد کی حمایت کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا گیا ، معاہدے کے مطابق کشمیر پاکستان کے حصے میں آیا لیکن کشمیر کو سازش کے تحت دو حصوں میں تقسیم کیا گیا اور آج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی داستانیں رقم کی جارہی ہیں تاہم کشمیریوں کا حوصلہ بلند ہے ، وہ اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور دنیا بھر میں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر فورم پر سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی بہت جلد کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی ۔