• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

NCHD اور BECS کے ٹیچرز کو مستقل کیا جائے، شاہین کاکڑ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)این سی ایچ ڈی اور بیک اساتذہ ایسوسی ایشن کے صدر شاہین خان کاکڑ ، مصطفیٰ سمالانی ، مولانا فضل الہی و دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ این سی ایچ ڈی اور بی ای سی ایس کے تمام ٹیچرز کو مستقل کیا اور26 ماہ کی تنخواہیں جاری کی جائیں بصورت دیگر دھرنے کا اعلان کریں گے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی اور بی ای سی ایس اساتذہ کے اجلاس میں تمام اضلاع کے نمائندوں کی موجودگی میں صوبائی کابینہ تشکیل دی گئی جس کے تحت شاہین خان کاکڑ ایسوسی ایشن کے صدر ، بلقیس نائب صدر ، حلیمہ جنرل سیکرٹری ، مصطفیٰ سمالانی سیکرٹری اطلاعات اور مولانا فضل الہی فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ سال تک وفاق کے تحت کنٹریکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے کے بعد یکم جولائی 2021 سے ہم صوبوں میں ضم ہوگئے اور صوبائی حکومت نے ہم کو دوبارہ کنٹریکٹ پر تعینات کیا تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ این سی ایچ ڈی اور بی ای سی ایس کے تمام ٹیچرز کو مستقل کیا جائے ، این سی ایچ ڈی اور بی ای سی ایس ٹیچرز اپنی خدمات گورنمنٹ اسکولز میں انجام دے رہے ہیں ہمیں بھی دیگر مستقل اساتذہ کی طرح مراعات دی جائیں ، این سی ایچ ڈی اور بی ای سی ایس ٹیچر کو ماہانہ صرف 12 ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے جو گزشتہ 26 مہینوں سے بند ہے ، فوری طور پر این سی ایچ ڈی اور بی ای سی ایس ٹیچرز 26 ماہ کی تنخواہیں جاری کی جائیں ، ہماری تنخواہ لیبر لاء کے مطابق بھی نہیں ، حکومت پاکستان نے کم سے کم اجرت 37000 روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ، وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی ، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی ، سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری خزانہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے مطالبات پر عمل درآمد کیا جائے بصورت دیگر دھرنے کا اعلان کریں گے ۔
کوئٹہ سے مزید