کوئٹہ(خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن ٹیمیں غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء خوردونوش کے تدارک کے لئے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں متحرک ہیں، اس سلسلے میں کوئٹہ شہر، ڈیرہ مراد جمالی اور مسلم باغ میں قوانین کی خلاف ورزی پر 29 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے۔ معائنے کے دوران 10 ملک شاپ مالکان کو دودھ میں ملاوٹ اور صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا جبکہ 5 جنرل اسٹور مالکان کو زائد المیعاد اور ممنوعہ اشیاء رکھنے پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ دکانوں سے ضبط شدہ اشیاء میں غیر معیاری رنگ، ایکسپائرڈ اچار، کولڈ ڈرنکس، پیکٹ مصالحے، بچوں کی خوراک اور گٹکا پان پراگ شامل تھے۔ علاوہ ازیں 2 ہوٹلوں اور 2 فاسٹ فوڈ کارنرز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی، جہاں مالکان کو متعدد بار دی گئی وارننگ کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔ قبل ازیں بی ایف اے کی خصوصی ملک سیفٹی ٹیموں نے دودھ کے معیار کی جانچ کے لئے مختلف دکانوں، بیکریوں اور ہوٹلوں سے دودھ کے نمونے لے کر ٹیسٹ کئے۔ جانچ کے دوران جرمانہ کئے گئے دودھ فروشوں سے لئے گئے نمونوں میں خشک پاؤڈر اور پانی کی وافر مقدار کی ملاوٹ کا انکشاف ہوا۔