کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیو پاکستان زندہ باد موومنٹ کے وائس چیئرمین حاجی سردار خان نیازی نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر صرف ایک دن نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ دائمی وابستگی کا اظہار کا دن ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا ،دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کی آزادی کے جذبے کو نہیں دباسکتی ۔زندہ قومیں اپنے بنیادی حق کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار رہتی ہیں کشمیریوں کی آزادی کیلئے جدوجہد جلد رنگ لائےگی ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر صوبائی چیئرمین ملک یحییٰ بشیر کاکڑ ، سردار نصیر کاکڑ ، حافظ شاہ محمد بڑیچ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال جدوجہد آزادی کو ظلم اور جبر سے دبایا نہیں جاسکتا ، پاکستان کا ہر فرد کشمیری عوام کی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ انسانی حقوق ، آزادی اورحق خودارادیت کا مسئلہ ہے ، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے بھارتی حکومت کشمیری عوام کے حوصلے پست کرنے کے لیے ظلم و بربریت کے تمام ہتھکنڈے آزماچکی ہے لیکن آزادی کے لئے کشمیری عوام کا عزم روز بروز مضبوط ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔کشمیر ہمارے دلوں کی دھڑکن ہے اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ قبل ازیں کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی ۔