کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے لڑکے سے شادی کے لئے آئی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس تاحال جناح اسپتال کراچی میں داخل ہیں اور ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے ۔ نفسیاتی مسائل کی شکایت پر خاتون کوپہلے شعبہ طب نفسیات و علوم رویہ جات میں داخل کیا گیا بعد ازاں انہیں اسپیشل وارڈ منتقل کرکے ان کے علاج کے لئے چار رکنی بورڈ بھی تشکیل دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون کبھی امریکہ واپس جانے اور کبھی پاکستان رہنے کی ضد کرتی ہیں اور انہیں تاحال نفسیاتی مسائل لاحق ہیں جن کا جائزہ لینے کے لئے بورڈ تشکیل دیا گیا، ذرائع کے مطابق خاتون کی خون کی رپورٹ میں ہیموگلوبن کی کمی آئی تھی جس پر انہیں خون بھی لگایا گیا ہے ۔