وہ لوگ جو کان صاف کرنے کے لیے کاٹن بڈ استعمال کرتے ہوئے اسے کان میں موجود ویکس کو صاف کرنے کا آسان طریقہ سمجھتے ہیں تو انھیں ایسا کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے کان میں طویل المعیاد اور شدید نوعیت کا نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کان میں جمع ہونے والے مادے کو نکالنے کے بجائے اسے اور زیادہ اندر دھکیل دیتا ہے جس کے نتیجے میں کان کے پردے کو نقصان پہنچنے کے ساتھ اس میں ٹنیٹس بھی لاحق ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹنیٹس ایک پریشان کن حالت ہے، جس سے برطانیہ میں ایک کروڑ افراد متاثر ہوتے ہیں۔ اس کی علامات میں کان میں سیٹی بجنا، گونجنا اور شور جیسی دیگر آوازیں شامل ہیں۔
برطانیہ میں ٹنیٹس اسپشلسٹ فرینک میگارتھ کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں تقریباً 5 لاکھ افراد کو اس بیماری کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنے کام پر جانے، سونے اور یہاں تک کہ روزمرہ کے کام کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
انھوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کان صاف کرنے کےلیے مذکورہ بالا طریقہ استعمال کرنے سے اجتناب برتیں اور ہمیشہ کسی ماہر سے رجوع کریں۔