کراچی (اسٹاف رپورٹر) خطیبِ پاکستان حجۃ الاسلام و المسلمین علّامہ سیّد شہنشاہ حسین نقوی کی کتاب ’’علّامہ اقبالؒ، انقلابی مفکّرو مصلح‘‘ کی تقریبِ رونمائی خانۂ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران، کلفٹن میں منعقد ہوئی، یہ کتاب آیۃ اللہ العظمیٰ سیّد علی خامنہ ای، رہبرِ معظم مملکتِ ایران کی تہران یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار میں ’’علّامہ اقبالؒ، مشرق کا بلند ستارہ‘‘ کے عنوان سے فارسی میں کی گئی تقریر کا اُردو ترجمہ ہے، ترجمہ علّامہ سیّد شہنشاہ حسین نقوی نے کیا اور کتاب خانۂ فرہنگ ایران، کراچی نے بااہتمام شائع کی ہے، تقریب انقلابِ اسلامی ایران کی 46ویں سالگرہ کی مناسبت سے بھی تھی خانۂ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ علّامہ سیّد شہنشاہ حسین نقوی افتخارِ اسلام ہیں، میں ممنون ہوں کہ اُنھوں نے اتنی نایاب اور بہترین کتاب پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ہے، جو تادیر پڑھی جائے گی، خانم فائزہ مرزا زہرا ، سیّد ابرار حسن، ڈاکٹر ندیم نقوی، ڈاکٹر اقبال حیدر (جرمنی) نے خراج تحسین پیش کیا۔علّامہ سیّد شہنشاہ حسین نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علّامہ اقبال مصورِ پاکستان ہیں اُن کے افکار اور شاعری یقینا آج بھی پاکستان کے مسائل حل کرسکتی ہے۔