• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نویں کثیر القومی بحری مشق "امن 2025 " کا کراچی میں آغاز

کراچی (محمد منصف/ اسٹاف رپورٹر) نویں کثیر القومی بحری مشق امن 2025 کا باضابطہ آغاز پاکستان نیوی ڈاکیارڈ، کراچی میں منعقدہ ایک متاثر کن اور رنگا رنگ پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا۔ مشق "امن 2025" کا آغاز شریک ممالک کے جھنڈے بیک وقت لہرا کر کیا گیا۔ تقریب میں شریک ممالک کی اعلیٰ عسکری قیادت، مبصرین، سفارت کاروں اور پاکستان کی مسلح افواج کے حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں نیول چیف نے مشق " امن 2025" کے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن مشق ایک باقاعدہ سرگرمی ہے جس میں علاقائی اور عالمی بحری افواج شرکت کرتی ہیں تاکہ خطے میں بلا تعطل میری ٹائم سرگرمیوں کے لیے محفوظ اور سازگار بحری ماحول پیدا کیا جا سکے۔ نیول چیف نے اپنے پیغام میں مزید اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں کلیدی اسٹیک ہولڈر ہونے کے ناطے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز (RMSP) پاک بحریہ کا ایسا ہی ایک اقدام ہے۔ مزید برآں، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ عالمی برادری کی جانب سے سمندر میں امن و امان کے فروغ کیلئے ہماری کوششوں پر اعتماد کی بنا پر امن مشق کے ساتھ امن ڈائیلاگ کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید