اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں ڈکیتی ، سرقہ باالجبر ،سٹریٹ کرائم ، نقب زنی اور چوری کی 104 وارداتوں میں نقدی زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ ایک کار ، 27 موٹر سائیکل، 26موبائل فون اور دیگر سامان اڑا لیا گیا۔ 24 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ، 4 موٹر سائیکل اور 15موبائل فون اسلحہ کی نوک پر جبکہ 12موبائل فونز جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ۔تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے علی پور پنجگراں میں جیولری شاپ میں چوری کی واردات میں 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی اور زیورات اڑا لئے گئے۔ چوروں نے دکان کی دیواریں توڑ کر واردات کی اور گیارہ لاکھ کی نقدی اور 20 تولہ سونا لے اڑے۔ مدعی مقدمہ راشد محبوب کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقے فیصل ٹائون میںمحمد علی رضا کے گھر سے 15 لاکھ روپے اور زیورات ،تھانہ کلر سیداں محمد ثاقب محلہ معصوم کلر سیداں کی ایک لاکھ 72 ہزار روپے نقدی تھانہ روات کے علاقہ میں محمد اعظم کے گھر سے چھ لاکھ روپے ، تھانہ صدر واہ کینٹ کے علاقہ میں محمد شیر عالم کے گھر سے اڑھائی لاکھ روپے کی نقدی اور دیگر سامان اڑا لیا گیا ۔