• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگا کرپشن ریفرنس، محکمہ ایری گیشن کی 5 خواتین افسران سمیت 9 ملزمان کی ضمانت مسترد‘ جیل بھیجنے کا حکم

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)احتساب عدالت حیدرآباد نے آر بی او ڈی پروجیکٹ میں اربوں مالیت کی میگاکرپشن ریفرنس میں نامزد محکمہ ایری گیشن کی 5خواتین افسران سمیت 49ملزمان کی عبوری ضمانت کی توثیق کی درخواستیں مسترد کرکے انہیں جیل بھیجنے کاحکم دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے آر بی او ڈی کینال کے لئے اربوں روپے کی فنڈنگ کے باوجود منصوبہ مکمل نہ کئے جانے‘ 2010ءاور اس کے بعد آنے والے سیلابوں سے سندھ کاوسیع علاقے کے متاثر ہونے پر تحقیقات کے دوران منصوبے میں اربوں مالیت کی کرپشن کے شواہد ملنے پر 2فروری 2020ءکو محکمہ ایری گیشن کے 61افسران جن میں خواتین بھی شامل تھیں ان کے خلاف ریفرنس دائر کیاتھا۔ ریفرنس دائر ہونے کے بعد 2 ملزمان عدالت سے پلی بارگین کے بعد رہا ہوگئے تھے جبکہ ایک نامزد ملزم انتقال کرگیا تھا اور ایک مفرور تھا‘ مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان عدالت سے عبوری ضمانت پر تھے۔ ہفتہ کو ریفرنس میں نامزد 49ملزمان جن میں 5خواتین‘ 44مرد شامل تھے ‘عدالتی احکامات پر پیش ہوئے ۔نیب کے وکلا کے بعد عدالت نے نامزد ملزمان کی ضمانت کی توثیق کی درخواستیں مسترد کرکے انہیں ناراجیل بھیجنے کاحکم دیاتھا جس پر نیب حکام نے نامزد انجینئر انور بوزدار‘ وسیم اختر‘ قربان علی بوزدار ‘وقار قادری‘ راؤ منصوراحمد‘ فرح دیبا‘ مسماة زاہدہ‘ کرن فہیم‘ عمران احمد‘ محمدفہیم قریشی ودیگر کو گرفتارکرکے ناراجیل حیدرآبادمنتقل کردیا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید