اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان اور چین کے درمیان طویل دورانیے کے سپیس ٹیکنالوجی میں تعاون کے کامیاب نتیجے میں پاکستان کا پہلا خودمختار قمری روور روانگی کیلئے تیار ہوگیا ، سپارکو کا یہ قمری روور چاند کے جنوبی قطب پر تحقیق کرے گا۔ صدر آصف علی زرداری کے دورہ چین کے موقعہ پر اس حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط بھی ہوگئے ہیں جس میں صدر پاکستان اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ بھی شریک تھے۔ پاکستان میں خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو کے مطابق قمری روور 2028 میں چین کے "چانگی 8" مشن کے ذریعے چاند پر جائے گا۔ لونر روور ایک چھوٹی سی گاڑی ہوتی ہے جو چاند کی سطح پر حرکت کر کے تحقیق کے لیے مواد جمع کرتی ہے اور اسے چاند گاڑی کا نام بھی دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے سپارکو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر نجم شمس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مکمل طور پر پاکستان کا اپنا بنایا ہوا سسٹم ہے جو چاند پر جا کر تحقیق کا کام کرے گا۔