• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہم ٹریک پر لانے کا عزم، قومی کرکٹ ٹیم کر اچی پہنچ گئی، نیشنل اسٹیڈیم میں آج پریکٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سہ فریقی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں شکست کے بعد مہم ٹریک پر لانے کا عزم لیے محمد رضوان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اتوار کی شام لاہور سے کراچی پہنچ گئی۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ پیر کو پاکستانی ٹیم پیر کوساڑھے بارہ سے ساڑھے تین بجے تک پریکٹس کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں ، لیکن ٹیم منیجمنٹ جنوبی افریقا کے خلاف انہیں کِھلا کر رسک نہیں لینا چاہتی ان کی جگہ محمد حسنین کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ ہمارے پاس ابرار احمد، سلمان علی آغا اور خوشدل کی صورت میں تین اسپنرز کی آپشن ہیں ۔ خوشدل بولنگ اور بیٹنگ کی آپشن کیلئے لائے گئے ہیں۔ ٹیم کی تبدیلی کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے ۔ لاہور میں مکسڈ زون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حارث رئوف کا ابھی پتہ نہیں ایم آر آئی کرائی ہے ۔ ابھی کسی تبدیلی کا نہیں سوچا یہ کام سلیکٹرز کا ہے۔ بہترین دستیاب ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم رنز کرتے رہے ہیں ان کے بارے میں ہمیں زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے نیوزی لینڈ کے میچ میں حارث رئوف کے باہر جانے سے ہم دفاع پر چلےگئے۔ دریں اثنا پاکستانی بیٹر فخر زمان نے کہا کہ میچ میں آئوٹ ہونے کا ہمیشہ دکھ ہوتا ہے ہارنے کا زیادہ دکھ ہوتا ہے ۔ سنچری مکمل نہ کرنے کی کوئی دکھ نہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ لوگوں نے بہت پیار دیاہے۔ فخر زمان نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم پاکستان کا سب سے خوبصورت اسٹیڈیم بن گیا ہے ۔ اب ہمیں بھی اوپر ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر مزہ آرہا ہے، تماشائی بھی بہت انجوائے کر رہے ہوں گے۔ پہلے میچ سے متعلق انہوں نے کہا کہ نیوزی کینڈ کو کریڈٹ جاتا ہے۔ ان کے بیٹرز نے اچھی پارٹنر شپ لگائیں۔ نیوزی لینڈ کے اسپنرز کا دن تھا اس سے قبل کین ولیمسن اور ڈیرل مچل اچھا کھیلے، گلین فلپس نے آخر میں اچھی بیٹنگ کی۔ بابر اعظم کی ایک کلاس ہے ایک میچ پر کچھ نہیں کہا جا سکتا اگلے میچز میں اچھی بیٹنگ ہو گی ۔ دوسری جانب اسپنر ابرار احمد کہتے ہیں کہ کوشش یہی تھی کہ کم از کم رنز دوں ۔ ہم بدقسمت رہے کہ میچ نہیں جیت سکے ۔ اگلے میچز میں کم بیک کریں گے۔ ہماری ٹیم کا کمبی نیشن بہت اچھا ہے، انہوں نے کہا کہ سلمان آغا اور خوشدل اچھی بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹر ہیں بدقسمت رہے لمبی اننگز نہیں کھیل سکے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ہمارا دن نہیں تھا، اپنی بیٹنگ کو ہمیشہ بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔

اسپورٹس سے مزید