کراچی (اسٹاف رپورٹر) محبانِ اعلیٰ حضرت بریلوی اور جامعہ مسجد غوثیہ ومدرسہ عمار بن یاسر کے زیر اہتمام بھٹائی کالونی میں فرزند رسول ﷺفخر کونین سیدنا امام حسین کے یوم ولادت اور سیدنا امام اعظم ابو حنیفہ کے عرس کے موقع پر عظیم الشان شہید اعظم وامام اعظم کانفرنس علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں ممتاز علماء کرام و مشائخ عظام اور بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا کہ ہر وہ مسلمان جو نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم کو مانتا ہے اس کو نبی پاک ﷺکے ہر فرمان کو بھی ماننا ضروری ہے اور نبی پاک کی ہر نسبت کا احترام و اکرام لازمی ہے، اللّٰہ تعالیٰ کے آخری نبیﷺ کائنات میں افضل و اعلیٰ ہیں اور ان کے اہل بیت کی ان کی وجہ سے محبت اہل ایمان پر واجب کر دی گئی ہے، اہلِ بیت نبوت ﷺ کی شان کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ خود اللّٰہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ان کی پاکیزگی بیان فرمائی ہے، کانفرنس سے مولانا جمیل احمد نقشبندی، مولانا اللہ بخش قادری، مولانا غلام محی الدین اختر، مولانا جمیل امینی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔