کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چھٹے راؤنڈ میں سرفہرست ٹیم اسٹیٹ بینک نے ایشال ایسوسی ایٹس کو 164رنز اور واپڈا نے سرکاری ٹی وی کو 3وکٹوں سے ہرایا ۔ کے آر ایل اور غنی گلاس کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں 362رنز کا ہدف پانے والی ایشال ایسوسی ایٹس اسٹیٹ بینک کیخلاف197رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ محمد عباس نے 57رنز دے کر4اور فواد عالم نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ راشد لطیف اکیڈمی گراؤنڈ میں واپڈا نے حریف ٹیم کیخلاف 354 رنز کا ہدف سات وکٹ پر پورا کیا۔ محمد عارف 107، ایاز تصور 58 اور خالد عثمان نے 27 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کے آر ایل کو 196 رنز کا ہدف ملا، کھیل ختم ہونے پر اس نے ایک وکٹ پر 31 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل غنی گلاس دوسری اننگزمیں 288 پر آؤٹ ہوگئی ۔ محسن ریاض83 اورعلی رزاق68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ساجد خان نے 103 رنز دے کر5 وکٹیں لیں۔