کراچی (رفیق مانگٹ) ممبئی میں مقیم پاکستانی خاتون نے شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے کراچی جانے کی اجازت مانگی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 27 سالہ خدیجہ رنگوالا جو گزشتہ 15 سالوں سے بھارت میں رہائش پذیر ہیں، انہیں نیا پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے شناختی کارڈ درکار ہے لیکن ان کے ماضی کا مجرمانہ ریکارڈ اور بھارتی شہریت کے حوالے سے اُٹھنے والے سوالات نے اس درخواست کو ناکام بنا دیا۔
سیشن جج وشال گائیکے نے کہا کہ بیرون ملک سفر کے حق کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے اور بھارتی آئین کے تحت ضمانت شدہ بنیادی حقوق غیر ملکیوں کو بھی دستیاب ہیں لیکن موجودہ کیس میں درخواست گزار واضح طور پر ایک پاکستانی شہری ہیں جنہیں بھارتی عدالت نے جرائم میں قصوروار ٹھہرایا ہے، ان کے خلاف سنگین الزامات تھے، انہوں نے یہ حقیقت چھپائی کہ یہ پاکستانی شہری ہیں۔