اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) ایک طرف ملک میں چینی کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے تو دوسری طرف پاکستان کی افغانستان کے لیے چینی کی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ جولائی 2024ء سے لے کر جنوری 2025ء کے دوران سالانہ بنیادوں پر افغانستان کے لیے چینی کی برآمدات 4 ہزار 332 فیصد بڑھ گئیں۔
ملک میں حالیہ 10ہفتوں کے دوران چینی اوسطاََ 21 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، چینی کی قیمت 153.11 روپے فی کلو پر پہنچ گئی۔
افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں سب سے زیادہ حصّہ چینی کا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق رواں مالی سال 25 - 2024 کے پہلے 7 ماہ جولائی تا جنوری کے دوران افغانستان کے لیے چینی کی برآمدات 4 ہزار 332 فیصد اضافے کے بعد 26 کروڑ 27 لاکھ ڈالرز پر پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں افغانستان کے لیے چینی کی برآمدات کا حجم 59 لاکھ ڈالرز تھا-
موجودہ حکومت نے جون 2024ء سے لے کر اکتوبر 2024ء کےدوران مجموعی طور پر7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی۔