کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی شہر پر ڈمپرز ، ٹریلرز اور ٹینکرز کے گہرے خونی سائے چھائے ہوئے ہیں ، پیر کو مزید2شہری کچل دیئے گئے ، سسی ٹول پلازہ کے قریب بے قابو ٹریلر نے رکشہ کو ٹکر ماری جس سے 43سالہ ادریس موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، 32سالہ دانیال منگھوپیر روڈ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر لگنے کے بعد مسافر بس کے ٹائروں کے نیچے آکر کچلا گیا جس کے بعد رواں سال اب تک ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد100ہوگئی جبکہ900؍ افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے سسی ٹول پلازہ کے قریب ٹریلر نے رکشا کو ٹکر ماری، حادثہ کے نتیجے میں رکشا میں سوار43سالہ ادریس ولد محمد جاں بحق ہوگیا ، پولیس کے مطابق متوفی ماہی گیر اور نیشنل ہائی وے لنک روڈ کا رہائشی تھا ، منگھوپیر روڈ رئیس سینٹر کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار32سالہ محمد دانیال جان بحق ہوگیا، پولیس کاکہنا ہےکہ موٹر سائیکل سوار واٹر ٹینکر کی ٹکر لگنے کے بعد مسافر بس کے ٹائروں کے نیچے آکر کچلا گیا ، بقائی ٹول پلازہ چھوٹا گیٹ کے قریب ٹریفک حادثہ میں14 سال کا لڑکا جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ،پولیس نے لاش سرد خانہ منتقل کردی ، علاوہ ازیں کورنگی کے علاقے 51C قبرستان کے قریب نالے میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے لا ش کو نالے سے نکال کر اسپتال منتقل کی ، پولیس نے شناخت نہ ہونے کے باعث لاش سرد خانہ منتقل کردی، علاوہ ازیں لیاری چیل چوک نمک والی گلی میں واقع گھر سے 30سالہ جہانزیب ولد جاوید کی پھندا لگی لاش اسپتال منتقل کی گئی ،پولیس کاکہنا ہےکہ نوجوان نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر گلے میں پھند اڈال کر مبینہ خود کشی کی ہے ، لانڈھی مانسہرہ کالونی عید گاہ گرائونڈ کے قریب گھر سے 25سالہ عبدال ولد آزاد خان کی پھندا لگی لاش اسپتال منتقل کی گئی ،پولیس کا کہناہےکہ متوفی نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر مبینہ خودکشی کی ہے۔