• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الٹی میٹم آج ختم، دن میں ہیوی ٹریفک سڑکوں پر نہ لائی جائے، آفاق احمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئر مین آفاق احمد نے کہاکہ پانی ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک کے حوالے سے سندھ انتظامیہ کی بار بار کی وضاحت گمراہ کن ہے، الٹی میٹم آج ختم ،دن میں ہیوی ٹریفک سڑکوں پر نہ لائی جائے، بات نوٹیفکیشن کی نہیں بلکہ اس پر عمل درآمد کی ہے،دن کے اوقات میں ڈمپرز ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں ہمارے لوگوں کی زندگیو ں کے چراغ گل کررہا ہے،جنھیں انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ 48گھنٹے کا الٹی میٹم منگل کی صبح ختم ہورہاہے۔ اسکے بعد کراچی کے نوجوان جانتے ہیں کہ انھیں اپنے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کیسے کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم ہائیڈرنٹ مالکان سے درخواست کرتے ہیں کہ دن کے اوقات میں ہائیڈرنٹ بند رکھیں تا کہ قرب وجوار کے علاقوں میں پانی کی بندش میں بھی کمی آسکے جبکہ ٹینکرز اور ڈمپرز ڈرائیور زبھی دن کے اوقات میں سڑکوں پر ہیوی ٹریفک لانے سے گریز کریں جسکا مقصد قیمتی انسانی زندگیوں کو بچانا ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ کارکنان شر پسند عناصر پر نگاہ رکھے کوئی بھی اس موقع کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نا کرے، ہمارا اقدام قانون شکنی نہیں بلکہ قانون کی پاسداری کو یقینی بناناہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے سندھ انتظامیہ کا ایک غلط اقدام اور طاقت کا استعمال کراچی کی سیاست کو بدل کررکھ دیگا، عوام پر طاقت آزمانے کی بجائے قانون شکنوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید