اسلام آباد( فاروق اقدس) غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو فوجی طیارے میں ہتھکڑیاں لگا کر واپس بھیجنے پر بھارت میں امریکہ کے خلاف مظاہرے جاری مودی کے پتلے نذر آتش، پٹنہ میں کانگریسی رہنمائوں کی جانب سے امریکی حکومت کے اقدام کو بھارتی شہریوں کیساتھ غیر انسانی سلوک پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ،بھارتی وزیراعظم نریند مودی ٹرمپ سے ملاقات کیلئے امریکا روانہ ، مودی کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ انھوں نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر کے امریکہ کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ۔ گزشتہ روز ہونیوالے مظاہرے میں جس کی قیادت بہار میں کانگریس کے صدر اکھیلش پرساد سنگھ کررہے تھے۔ مظاہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم کے پتلے نذر آتش کئے، بڑی تعداد میں مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے جن پر دونوں حکمرانوں کیخلاف مذمتی ریمارکس درج تھے اس موقع پر تقریباً ایک درجن کانگریسی رہنمائوں نے اپنی تقاریر میں کہا کہ ملک کے شہریوں کو جس غیر انسانی طریقے سے کارگو طیاروں میں ان کے ہاتھ اور پیروں کو جکڑ کر اتنے لمبے فضائی سفر کے ذریعے واپس ہندوستان بھیجا جارہا ہے وہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر اور حکومت کے بارے میں یہ احتجاج ایک ایسے موقع پر کیا جارہا ہے جب نریندر مودی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کے دوسرے صدارتی دور میں اولیں ملاقات کیلئے بھارت سے روانہ ہوگئے ہیں جہاں فرانس میں دو روزہ مصرفیات کے بعد وہ واشنگٹن روانہ ہوجائیں گے۔