کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ارکان پارلیمان نے کہا ہے کہ کراچی کا مستقبل پاکستان کا مستقبل ہے، جسے سندھ کے متعصب حکمراں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تباہ کر رہے ہیں، کراچی کے کوٹے پر 100 سے زائد اندرون سندھ اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے داخلے کئے گئے ہیں، جو کراچی کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ حق پرست ارکان پارلیمان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے طلبہ کو انصاف فراہم کرنے کے لئے سُوموٹو ایکشن لیں اور اس طرح کی ناانصافیوں کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔ انہوں نے مشترکہ بیان میں کراچی کے کوٹے پر غیر مقامی افراد کو میڈیکل کالجز میں غیر قانونی طریقے سے داخلے دینے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر کراچی کے طلبہ کے ساتھ کھلی زیادتی کی جارہی ہے،کراچی کے طلبہ کے لئے میڈیکل کالجز میں مخصوص کوٹہ بھی اندرون سندھ کو دینے کا منصوبہ ایک سازش کے تحت کام یاب کیا گیا ہے، غیر قانونی کام کو قانونی بنانے کے لئے کراچی ضلع شرقی کے جعلی ڈومیسائل بنائے جارہے ہیں،پورے ملک کی جامعات میں مقامی ضلع اور شہر کے طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر داخلے دیئے جاتے ہیں، جب کہ کراچی وہ واحد شہر بن گیا ہے جہاں ترجیحی بنیادوں پر غیر مقامی طلبہ کو داخلے دیئے جارہے ہیں۔