حکومتِ برطانیہ غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کے لیے دن بدن سختیاں بڑھاتی جا رہی ہے۔
حکومتِ برطانیہ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف برطانیہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ ماہ سینکڑوں تارکینِ وطن کو گرفتار کیا گیا تھا۔
انفورسمنٹ ٹیمز نے تقریباً 850 کے قریب مقامات پر چھاپے مارے جن میں نیل بارز، کار واشز، ریسٹورینٹس، چیشائر میں موجود ویپ شاپس اور جنوبی لندن میں موجود گروسری گودام بھی شامل ہیں، اس دوران ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم 600 سے زائد تارکینِ وطن کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جو کہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 73 فیصد زیادہ ہیں۔
ہوم آفس کے مطابق گرفتاریوں کی فوٹیج جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کو حقیقت سے آگاہ کرنا ہے۔
اس حوالے سے ارکانِ پارلیمنٹ حکومت کے امیگریشن بل پر بحث بھی کریں گے جسے شیڈو ہوم سیکریٹری کرس فلپ نے ایک کمزور بل قرار دیا ہے۔