• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ آزاد ہے اور ادارے کا سربراہ ہونے کے ناطے عدلیہ کی آزادی کا تحفظ ذمہ داری ہے، چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اور ادارے کا سربراہ ہونے کے ناطے عدلیہ کی آزادی کا تحفظ انکی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز جوئل ٹرکیوٹز کی قیادت میں ملنے والے آئی ایم ایف کے ایک خصوصی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ ایسے مشنز کیساتھ براہ راست بات چیت کرنے کی عادی نہیں ہے، لیکن جب سے فنانس ڈویژن نے درخواست کی ہے، یہ بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تبصروں اور خیالات پر پوری طرح محتاط رہیں گے۔ انہوں نے جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے اہم آئینی پیشرفت اور اصلاحات پر روشنی ڈالی جن میں سینئر سطح کی عدالتی تقرری، عدالتی احتساب اور جوڈیشل کمیشن کی تنظیم نو شامل ہے۔ انہوں نے مزید شفاف اور موثر عدالتی انتخاب کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے عدلیہ اور پارلیمانی کمیٹی کے انضمام کی خوبیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سپریم کورٹ فروری کے آخری ہفتے میں متوقع آئندہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے اجلاس کیلئے ایک اہم ایجنڈے کو حتمی شکل دے رہی ہےجو کہ مختلف فریقین کی مشاورت سے تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجوزہ ایجنڈے میں شامل کرنے کیلئے کسی بھی تجویز کیلئے بالکل تیار ہیں۔

اہم خبریں سے مزید