کراچی(عبدالماجد بھٹی)آئی سی سی چیمپنز ٹرافی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی نئی بلڈنگ کاافتتاح رنگا رنگ اور پرقار تقریب میں ہوا۔ ہزاروں تماشائیوں نے جوش وخروش کے ساتھ ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔لیزر شو میں رنگ و نور کا سیلاب امنڈ آیا آسمان پر ہر طرف روشنیان ہی روشنیاں تھیں۔آتش بازی کے مظاہرے نے سماں باندھ دیا۔ساحر بگاہ،علی ظفر اور شفقت امانت علی نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور تماشائی دیوانہ وار رقص کرتے رہے۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ منگل کی شام نیشنل اسٹیڈیم کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا اور تختی کی نقاب کشائی کی۔صدر آصف علی زرداری بیرون ملک ہونے کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے۔اس موقع پر وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی،ناصر حسین شاہ،سعید غنی ،شاہد خان آفریدی اور میئر مرتضی وہاب بھی موجود تھے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی میں کھیلوں کی بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، 2018 میں نیشنل اسٹیڈیم کو حکومت سندھ نے اپ گریڈ کیا تھا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں، کراچی والے کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، حکومت بھرپور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن فائٹنگ گیم ہونا چاہیے۔نیشنل اسٹیڈیم کے افتتاح کی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاکستانی ٹیم کو اسٹیج پر بلا کر چیمپنز ٹرافی کے لئے نئی کٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔محمد رضوان نے کہا کہ کراچی کا اسٹیڈیم بھی لاہور کی طرح مختلف لگ رہا ہے۔