اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان بدھ کی شب دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے وہ صدارتی طیارے میں انقرہ سے جب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے توصدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء نے نورخان ائربیس پر اُن کا استقبال کیا۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان اپنی اہلیہ کے ہمراہ طیارے سے باہر آئے تو اُنہیں 21توپوں کی سلامی دی گئی۔ دو بچوں نے پھول پیش کئے جبکہ ملٹری بینڈ نے دلفریب دھنیں بجائیں۔ قبل ازیں ترک صدر کا طیارہ جب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے چار جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے اسے اپنے حفاظتی حصار میں لیکر نور خان ائربیس تک پہنچایا۔ ترک صدر کی آمد کے موقع پر آصفہ زرداری نے ترک صدر کی اہلیہ کا استقبال کیا ، ترک صدر پاکستان اور ترکیہ کے مابین مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔رجب طیب اردوان کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے، ، دورے کے دوران ترک صدر، صدر پاکستان اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے، وہ اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل اور پاکستان ترکیہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔ پاکستان آمد کے موقع پر بدھ کی رات وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی، ریڈ زون سے نورخاں ایربیس تک اسلام آباد ایکسپریس وے ،مری روڈ اور سری نگر ہائی وے پر دونوں طرف وی وی آئی پی سیکیورٹی تعینات تھی جبکہ وقفے وقفے سے ان شاہراہوں پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کے علاؤہ راولپنڈی پولیس بھی معزز مہمانوں کی حفاظت کے لیے فرائض انجام دیتی رہی ،جیٹی روڈ سے آنے والی گڈز ٹرانسپورٹ کو کچھ دیر کے لئے کورال پل سے پہلے روک دیا گیا تاہم وی وی آئی پی روٹ لگنے سے ٹریفک زیادہ متاثر نہیں ہوئی ۔ 13 فروری کی صبح ایوان وزیراعظم میں ان کی اعزاز میں استقبالیہ تقریبات ہوں گی۔