• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس سرفراز ڈوگر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ہوگئے

اسلام آباد (عاصم جاوید) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے چھ ججز اور ایک ایکٹنگ جج سمیت اسلام آباد ، بلوچستان ، سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ۔ تمام ججز آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ جوڈیشل کمیشن نے چند روز قبل سپریم کورٹ کے ججز کیلئے ناموں کی منظوری دی ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے تعیناتیوں کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی ، سندھ ہائیکورٹ کے سینئر پیونے جج جسٹس صلاح الدین پنہور ، پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شکیل احمد ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا ایکٹنگ جج تعینات کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ ، بلوچستان ہائیکورٹ ، سندھ ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ میں ریگولر چیف جسٹسز کی تعیناتی تک قائم مقام چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتیاں بھی کر دی گئی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر پیونے جج جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کو قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ، بلوچستان ہائیکورٹ کے سینئر پیونے جج جسٹس محمد اعجاز سواتی کو قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ، سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس جنید غفار کو قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو پشاور ہائیکورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید