اسلام آباد (عاصم جاوید ، اویس یوسف زئی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا ہے کہ سائلین کو انصاف کی فراہمی میں ضلعی عدلیہ ریڑھ کی ہڈی یا ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ اسلام آباد کی ماتحت عدالتیں بہترین کام کر رہی ہے۔ ہم سب ججز یہاں اپنے لئے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے بیٹھے ہیں۔ ہم نے یقینی بنانا ہے کہ قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے۔ گزشتہ شب ڈسٹرکٹ کورٹس اسلام آباد نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے اعزاز میں الوادعی عشائیہ دیا۔ تقریب میں لاہور ہائیکورٹ سے ٹرانسفر ہو کر اسلام آباد ہائیکورٹ آنے والے سینئر پیونے جج جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر ، جسٹس ارباب محمد طاہر ، جسٹس محمد اعظم خان ، جسٹس راجہ انعام امین منہاس ، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف نے بھی شرکت کی جبکہ سنیارٹی کے معاملے پر خط لکھنے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز شریک نہیں ہوئے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ضلعی عدلیہ کے ججز سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس سال ڈسٹرکٹ کورٹس کی جانب سے ریکارڈ کیسز نمٹانے پر فخر ہے۔