برطانوی ورزتِ داخلہ پر ہزاروں پناہ گزینوں کی شہریت کے لیے دی جانے والی درخواستوں کی حوصلہ شکنی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خطرناک سمندری سفر کر کے چھوٹی کشتیوں پر انگلش چینل عبور کرنے یا گاڑیوں میں چھپ کر برطانیہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کی بڑی تعداد برطانوی شہریت حاصل کرنے کے لیے برطانوی وزارتِ داخلہ کو درخواست دیتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزارتِ داخلہ نے اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا ہے کہ پیر سے خطرناک سمندری سفر کر کے آنے والے جو بھی افراد برطانوی شہریت حاصل کرنے کے لیے درخواست دیں گے ان کی درخواست مسترد کر دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارتِ داخلہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اس اقدام پر پناہ گزینوں کی کونسل نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ میں پناہ گزینوں کی کونسل کاحوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس اقدام سے ممکنہ طور پر برطانیہ میں پناہ لینے کے لیے درخواست دینے والے تقریباً71 ہزار افراد کو برطانوی شہریت کے حصول سے روک دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایک معروف امیگریشن بیرسٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔