نئی دہلی ( نیوز ایجنسیاں) ) لائن آف کنٹرول پر بھارتی تخریبی کاروائیاں بے نقاب ہو گئیں، اس حوالے سے بھارتی فوج اورانٹیلی جنس ایجنسیوں کی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پرامن علاقوں میں بدامنی پھیلانے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ اور تخریبی سرگرمیوں کی تاریخ پرانی ہے۔ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر آئی ای ڈیز ( دھماکا خیز مواد ) کی نقل و حمل اور استعمال کے ذریعے تخریب کاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔شواہد کے مطابق 2016 ء کے بعد سے ایل او سی پر بھارت کی طرف سے آئی ای ڈیز لگانے کے 54واقعات سامنے آئے۔ چکوٹھی، نیزا پیر، چیریکوٹ، رکھ چکری، دیوا، بٹل، کوٹ کوٹیرہ اور دیگر علاقوں میں بھارتی آئی ای ڈیز ملنے اور پھٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ان بھارتی آئی ای ڈیز دھماکوں کے نتیجے میں اب تک متعدد معصوم شہری زخمی اور شہید ہو چکے ہیں۔ دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں پاکستان کو اشتعال دلانے اور کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے ۔