راولپنڈی ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں شہری 2گاڑیوں 19موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز،نقدی ،مویشیوں اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے ،11افراد سے جھپٹا مار کران کے موبائل چھین لئے گئے۔اسلام آباد میں بھی 20وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ 3کاریں ، 7موٹرسائیکل اڑا لئے گئے ۔ 4 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔ اسلحہ کی نوک پر 4موٹر سائیکل اور لاکھوں کی نقدی چھین لی گئی۔تھانہ رتہ امرال کے علاقہ میں بائیکیا رائیڈرایازالرحمٰن سے 2 نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل اور 3 موبائل چھین لے گئے ۔تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ سرسید موڑ کے قریب 3نامعلوم ملزمان نے عثمان سے موبائل فون،اڑھائی ہزار روپے اور شناختی کارڈ چھین لیا مزاحمت پر ایک ملزم نے فائر مار کراسے زخمی کردیا۔ دیگر وارداتوں میں بھی گن پوائنٹ پر 5 موبائل اور نقدی چھین لی گئی ۔پنڈورہ میں شبانہ رشید کے گھر کے تالے توڑ کر 20ہزارروپے،2 گھڑیاں اور3 تولہ طلائی زیورات ،میر حیدر کالونی میں یاسر حسین کے گھر کا تا لا توڑ کرایک تولہ سونا اور 30ہزار روپے ، بحریہ ٹاؤن میں عروج کے ریسٹورینٹ سے لیپ بک،2لیپ ٹاپ ،ایک ایل ای ڈی ، سافٹ وئیر،2 استریاں اور4 لاکھ روپے،کری خدابخش میں ضرار مر تضی ٰ کے فارم سے 2 دو بیل ،موٹر سائیکل اور موبائل چوری کرلئے گئے ۔ دیگر وارداتوں میں بھی شہری نقدی اور قیمتی اشیاء سے محروم ہو گئے۔