اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں جمعرات کو 2افغان خواتین تیز رفتار کار کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہار گئیں جبکہ ایک 22سالہ نامعلوم کی نعش ملی۔ تھانہ ترنول پولیس نے پنڈ پڑیاں قبرستان سے ملحقہ ایریا میں ملنے والی لاش پمز ہسپتال منتقل کر دی۔ راولپنڈی کے علاقے بنگش کالونی میں رہائش پذیر افغان خاتون تہمینہ احمد زئی نے تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ اس کی 60 سالہ والدہ حمیدا اور 31 سالہ ہمشیرہ افغان ایمبیسی سے پیدل اپنے گھر واپس جاتے ہوئے اے جی پی آر آفس کے سامنے سری نگر ہائی وے عبور کر رہی تھیں کہ زیرو پوائنٹ کی طرف سے آنے والی تیز رفتار کار اے ایف ای554آئی سی ٹی نے انہیں کچل دیا ۔پولیس نے ڈرائیور علی حسن کے خلاف قتل خطا کا مقدمہ درج کر لیا ۔ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا تھا۔