کراچی (عبدالماجد بھٹی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی مہم شروع ہونے سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا،سہ فریقی فائنل میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خامیاں کھل کر سامنے آگئیں۔ ٹیم کی کارکردگی بدستور سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔ پاکستانی بیٹنگ چلی اور نہ بولر کرشماتی کارکردگی دکھاسکے۔ دو کیچ بھی ڈراپ ہوئے ، ہوم سائیڈ تین گیند قبل 242پر ڈھیر ہوئی، نیوزی لینڈ نے بغیر کسی مزاحمت کے پاکستان کوپانچ وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ مشکل پچ پر نیوزی لینڈ نے پراسکون انداز میں ہدف عبور کرلیا۔ تینوں میچوں میں پاکستانی اسپنرز کی کارکردگی خراب رہی۔ نیوزی لینڈ نے243 رنز28 گیند پہلے ہی بنالیے ۔ گلین فلپس 20اور مائیکل بریسویل دو رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ نسیم شاہ نے43 رنز دے کر دو ، شاہین نے45 اور ابرار احمد نے 67 رنز کے عوض ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔ جمعے کو کراچی میں تماشائیوں سے گرائونڈ نہ بھر سکا لیکن جو تماشائی آئے وہ ٹیم کی کارکردگی سے مایوس کن انداز میں گھروں کو لوٹے ۔ پاکستان نے دو دن پہلے جنوبی افریقا کے خلاف ریکارڈ ہدف عبور کرکے جو امید یں پیدا کی تھیں وہ خواب چکنا چور ہوگیا۔ ٹیم لاہور کے بعد کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف جیت نہ سکی۔ لاہور میں گروپ میچ میں نیوزی لینڈ 78 رنز سے کامیاب ہوئی تھی۔ دونوں ٹیمیں بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ کھیلیں گی ۔ کم اسکور پر پاکستانی بولنگ نے وکٹیں لیں لیکن یہ جیت کے لئے ناکافی تھیں۔ نیوزی لینڈ کی اننگز میں ول ینگ پانچ رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ڈیون کانوے اورکین ولیم سن کے درمیان 71کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ کین ولیم سن کو سلمان آغا نے بولڈ کیا۔ انہوں نے49 گیندوں پر34 رنز بنائے۔ جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔ ڈیون کانوےنے پانچ چوکوں کی مدد سے48 رنز 74 گیندوں پر اسکور کئے۔ ڈیرل مچل نے 58گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 57 ، ٹام لیتھم نے پانچ چوکوں کی مدد سے56رنز 64 گیندوں پر بنائے ۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم تین گیندیں پہلے242 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کے نپی تلی بولنگ کے سامنے بیٹسمین بڑی اننگز کھیلنے اور بڑی شراکت بنانے میں ناکام رہے، کوئی بھی بیٹر نصف سنچری نہ بناسکا ۔ بابر اعظم نے اچھا اسٹارٹ کرنے کے بعد وکٹ گنوادی ٹورنامنٹ کے تینوں میچوں میں وہ ایک بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ فہیم اشر ف پہلا میچ کھیل رہے تھے ان کے دو کیچ ڈراپ ہوئے۔ جنوبی افریقا کے میچ میں سنچریاں بنانے والے محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے بڑی اننگز کھیلی۔ ابتدائی تین وکٹیں 54 رنز پر گرنے کے بعد رضوان نے76 گیندوں پر46 رنزایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ سلمان علی آغا نے65 گیندوں پر45 رنز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے اسکور کئے۔ دونوں نے چوتھے وکٹ پر120 گیندوں پر88رنز کا اضافہ کیا۔ سلمان علی آغا بریس ویل کی گیند پر جیکب ڈفی کو کیچ دے بیٹھے۔ طیب طاہر نے 33 گیندوں پر 38 رنز بناکر پویلین لوٹے، خوشدل شاہ 7، شاہین آفریدی ایک رنز بنا سکے، آل راؤنڈ فہیم اشرف نے 22 اور نسیم شاہ نے 19 رنز بنائے۔ کیوی پیسر ول اورورکے نے43 رنز دے کر 4، کپتان مچل سینٹنر اور مائیکل بریس ویل نے 2، 2 جبکہ جیکب ڈفی اور نیتھن اسمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔