• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشی خان نے ڈکی بھائی کو ’گینگسٹر یوٹیوبر‘ قرار دے دیا


پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر فنکارہ مشی خان نے پاکستانی نامور یوٹیوبرز کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

مشی خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی۔

اس دوران انہوں نے ڈراموں میں مزید کام نہ کرنے، بانیٔ پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کرنے کی وجہ، جانوروں کے حقوق، پرتعیش شادیوں اور یوٹیوبرز کے غیر میعاری کونٹینٹ پر بات کی۔

مشی خان نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کے ماضی میں بنائے گئے وی لاگز کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کسی بھی صورت میں گالم گلوچ کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے حالیہ فیملی وی لاگرز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ فیملی وی لاگنگ غلط نہیں لیکن اس میں بدتمیزی نہیں کرنی چاہیے، وی لاگز میں یوٹیوبرز کو فیملی کے ساتھ بدتمیزی کرتے دیکھ کر پھر لوگ بھی اپنے گھر میں اسی طرح پیش آتے ہیں۔

مشی خان نے ماضی کے مشہور کونٹینٹ کری ایٹرز و یوٹیوبر شام ادریس اور زید علی کے کونٹینٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ زید علی نے جو براؤن مام اور براؤن بوائے کا کونسیپٹ متعارف کروایا تھا وہ بہت ہی منفرد تھا، لوگ اسے دیکھنا پسند کرتے تھے لیکن پھر ان کے بعد آنے والے یوٹیوبرز معیار برقرار نہ رکھ پائے۔

اداکارہ نے ڈکی بھائی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ میں نے کافی سال قبل ڈکی بھائی کی ایک ویڈیو دیکھی تھی جس میں وہ روسٹنگ کرتے ہوئے گندی گندی گالیاں دے رہے تھے، بچے بھی ان کی ویڈیوز دیکھتے تھے، میں نے ایک ویڈیو دیکھنے کی کوشش کی اور 5 سیکنڈ بعد ہی ویڈیو بند کر دی۔

مشی خان نے کہا کہ ڈکی بھائی نے شام ادریس کے خلاف جو مہم چلائی تھی اس میں شام ادریس کو بہت نفرت کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب جو ڈکی کے ساتھ ہو رہا ہے وہ مکافاتِ عمل ہے۔

مشی خان نے کہا کہ ڈکی بھائی کچھ سال قبل تک روسٹنگ ویڈیوز بناتے تھے، روسٹ کرنا اتنا برا نہیں لیکن گندی گندی گالیاں دے کر روسٹ کرنا شرم ناک ہے، ڈکی بھائی نے گالیاں دے کر اپنی عزت گنوائی، وہ ایک گینگسٹر کا رویہ رکھتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیوبرز کا یہ رویہ کہ اسے پکڑ لو، اسے اٹھا لو، اسے مار لگوا دو یہ بہت سنگین حالات ہیں، یہ رویہ گینگسٹرز والا ہے۔

اداکارہ مشی خان نے اس دوران یہ بھی کہا کہ بھارتی یوٹیوبر دھروو راٹھی میرا پسندیدہ یوٹیوبر ہے، ان کے وی لاگز بہت دیکھے جاتے ہیں، ان کا کونٹینٹ بھی اچھا ہوتا ہے اور وہ ریسرچ کر کے بات کرتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید