• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین دوسروں کے معاملات میں دخل دیتا ہے نہ اسکی ترقی سے دنیا کو خطرہ، صدر زرداری

اسلام آباد (این این آئی) صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کو چین کی تیز رفتار پیشرفت سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے،پاکستان پڑوسی کے طور پر جانتا ہے چین کبھی دوسرے ملک میں مداخلت نہیں کرتا، چین کے ساتھ اپنی جغرافیائی قربت کی بنا پر زراعت، مواصلات، خلائی ٹیکنالوجی اور صنعت سمیت مختلف شعبہ جات میں چینی ترقی سے مستفید ہونے کے خواہاں ہیں۔حالیہ دورہ چین کے دوران چینی میڈیا کو انٹرویو میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سدا بہاردوستی کو اولین ترجیح دیتا ہے جیسا کہ چین ہمیشہ سے ہمارا ثابت قدم دوست رہا ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ صدر نے چین ، اس کی قیادت اور قوم کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان مضبوط ترین دوستانہ تعلقات پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چینی کامیابیوں کو پوری دنیا اور خطے کے لیے خوش آئند پیشرفت قرار دیا۔ صدر نے کہا کہ زراعت ایک ایسا شعبہ ہے جہاں چین ہماری معاونت کرسکتا ہے کیونکہ پاکستان کی فی ایکڑ پیداوار چین کے مقابلے میں کم ہے۔ پانی کے استعمال کا معاملہ ہو یا موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ ہو، پاکستان اپنی ترقی کے لیے چینی ٹیکنالوجی کو ہر شعبے میں بروئے کار لا سکتا ہے اور پاکستان چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ۔صدر نے سی پیک کے تحت رابطوں اور ترقی کی رفتار پراطمینان کا اظہار کیا جو تیزی سے پاکستان کے اقتصادی منظر نامے کو تبدیل کر رہا ہے۔ صدر نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران دونوں فریقین نے صنعتی ترقی پر بات چیت کی ہے۔ صنعتی پارک صرف چین کے لیے ہوں گے اور پاکستانی مزدوروں کے ذریعہ کام کیا جائے گا جب کہ کسی کمپنی کا چیف ایگزیکٹو چین میں بیٹھ کر آن لائن کاروبار چلا سکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید