کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان “ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف گرینڈ اپوزیشن اتحاد کی تشکیل پر کام کر رہی ہے جس کے بنیادی نکات طے کیے گئے ہیں، عمران خان نے عید کے بعد احتجاج کا اعلان کیا ہے اور تمام جماعتوں کو نکات پر اتفاق کی دعوت دی ہے، عمران خان کی غیر موجودگی سے پارٹی کی مینجمنٹ متاثر ہو رہی ہے تاہم پی ٹی آئی میں احتساب کا نظام موجود ہے، میزبان شہزاد اقبال نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ اڈیالہ جیل پی ٹی آئی رہنماؤں کے لیے شکایتی مرکز بن چکا ہے اور پارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔ عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کی بے دخلی کے بعد قیادت کے فیصلوں پر کھلے عام اعتراضات کیے جا رہے ہیں۔اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران فواد چوہدری اور وکیل شعیب شاہین کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مار دیا۔ شعیب شاہین نے عمران خان کو واقعے سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔ فواد چوہدری کا دعویٰ ہے کہ معاملہ حل ہوگیا ہے تاہم شعیب شاہین کے مطابق کوئی صلح نہیں ہوئی۔پارٹی اختلافات کے باوجود عمران خان نے رمضان کے بعد بھرپور تحریک چلانے کی ہدایت کی ہے۔ وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف گرینڈ اپوزیشن اتحاد پر کام کر رہی ہے جس کے بنیادی طور پر تین نکات ہیں۔اسد قیصر لیڈ کر رہے ہیں کامران مرتضیٰ جے یو آئی کی طرف سے ہیں سب کمیٹی کی شاہد خاقان نگرانی کر رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم عید کے بعد احتجاج کریں گے ۔