کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متحدہ نے ہمیشہ دوسروں کی میتوں کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کیا ہے، فاروق ستار اور دیگر متحدہ لیڈران ذہن نشین کرلیں کہ الزامات سے انکا قد اونچا نہیں ہونے والا جبکہ ترجمان سندھ حکومت سمعتا افضال سید کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اب نہ گھر کی رہی ہے نہ گھاٹ کی۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کے پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے عوام دہائیوں تک متحدہ کی تشدد سے بھرپور دھونس والی سیاست کے رحم و کرم پر تھے، اب متحدہ کی دھونس نہیں چل پا رہی تو عوام کو بھڑکا کر حادثات کی بنیاد پر فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، فاروق ستار پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ پر الزمات سے قبل اپنی سیاہ تاریخ پر نظر ڈالیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ لسانی فسادات، تشدد، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ متحدہ کی وتیرہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ آفاق احمد کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔