پشاور(جنگ نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔حکومت کی ترجیحات میں دور دور تک عوام کو ریلیف کی فراہمی نظر نہیں آتی۔عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کم ترین سطح پر ہونے کے باوجود حکومت ہرپندرہ روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل روپوں اضافہ کرتی رہی اور دو تین ماہ بعدقیمتیں چند پیسوں میں کم کرکے قوم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی نوید سناتی ہے جوکہ حقیقت میں قوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے اسوہ انٹرنیشنل سکول اینڈکالج جلالہ مردان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے جماعت اسلامی مردان کے ضلعی امیر اور ادارے کے ڈائریکٹر غلام رسول نے بھی خطاب کیا انہوں کہا ہے کہ اس وقت ملک میں سرکاری سطح پر بدترین کرپشن جاری ہے حکومت کرپشن پر قابوپانے کے بجائے غیرملکی قرضوں پر انحصار کررہی ہے اور یہ قرضے عالمی مالیاتی اداروں سے شرمناک شرائط پر حاصل کئے جارہے ہیں ۔