کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے شہر میں تیز رفتارڈمپرز و ٹینکرز کی زد میں آکر شہریوں کی بڑھتی ہوئی اموات، ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت کے اوقات کار کی خلاف ورزی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی،بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جمعہ 21فروری کو شہر بھر میں متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہروں کا بھی اعلان کیا ہے ،پٹیشن میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ سندھ حکومت و محکمہ پولیس کو پابند کیا جائے کہ مقررہ اوقات کے علاوہ شہر میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند کیا جائے، ڈمپرز و ٹینکرز کی ٹکر سے ہونے والی اموات کے خاندانوں کو زرتلافی اور معاوضہ ادا کیا جائے، ہیوی ٹریفک کی مانیٹرنگ و مینجمنٹ کا موثر اور شفاف نظام بنایا جائے، منعم ظفر خان نے درخواست گزاروں اور عثمان فاروق ایڈوکیٹ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ خونی ڈمپرز و ٹینکرز سے شہریوں کی اموات روز کا معمول بن گیا ہے۔