کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بغیر پیشگی اجازت کے ایم سی کی سڑکوں کو نہ کاٹا جائے اور جن سڑکوں کو یوٹیلیٹی سروسز کی فراہمی کے لئے کاٹنا ضروری ہو تو اس کی تحریری طور پر اجازت لی جائے بصورت دیگر ایسے اداروں کے خلاف ایف آئی آر سمیت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایک وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی 106 سڑکوں کی روڈ کٹنگ کی فیس کا حق صرف کے ایم سی رکھتی ہے، اگر کوئی ادارہ روڈ کٹنگ فیس کے ایم سی کے علاوہ یا کسی اور ادارے یا ٹاؤنز کے پاس جمع کراتا ہے تو وہ ازخود اس کا ذمہ دار ہے، انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی اورنگی ٹاؤن اور پی ای سی ایچ ایس سمیت جن علاقوں میں بھی نئی لائنیں ڈالنا یا مرمت کی غرض سے سڑکوں کی کٹنگ چاہتی ہے اس کی باقاعدہ کے ایم سی سے تحریری طور پر اجازت لے۔