پشاور(نیوز ایجنسی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کو بہت وقت دے دیا، رمضان کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے اور آئی پی پیز کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے۔فیک نیوز کے نام پر پیکا ایکٹ آگیا، فیک حکمرانوں اور انہیں مسلط کرنے والوں کے خلاف کس ایکٹ کے تحت کاروائی ہوگی؟اراکین پارلیمنٹ تنخواہوں میں اضافہ کے لیے یک جان ہوگئے، ملکی سلامتی کے امور پر ایک دوسرے کے ساتھ کیوں نہیں بیٹھ سکتے؟ ، ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی کے پی وسطی عبدالواسع، صدر پریس کلب ایم ریاض اور سیکرٹری پریس کلب طیب عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حکمران اتنے گرچکے آئی ایم ایف کو اعلیٰ عدالت تک بھی پہنچ فراہم کردی، قوم کی خودمختاری اور آزادی کا اس سے بڑھ کر کیا سودا ہوگا؟ملک کا المیہ کہ یہاں سیاست، عدالت اور صحافت پر مکمل کنٹرول قائم ہوچکا ہے، مرضی کے نتائج کے لیے طاقت کا استعمال ہوتا ہے، اس اپروچ سے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔