لاہور(آصف محمود بٹ) ورلڈ بنک کے 9ایگزیکٹو ڈائریکٹرز،متبادل کنٹری ڈائریکٹر، وائس پریزیڈنٹ و کارپوریٹ سیکرٹری (ایس ای سی وی پی )اور دو کوآرڈنیٹر برائے پاکستان پر مشتمل وفد پنجاب کے دوروزہ دورے پر آج لاہور پہنچے گا۔ وزیر اعلی کے حکم پر وفد کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیتے ہوئے ان کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئیں ۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اس دورے کے فوکل پرسن سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل ہونگے۔ ذرائع نے بتایا کہ لاہور آمد سے قبل ورلڈ بنک کے وفد کو ضلع سرگودھا کے نواحی گاؤں میں لگائے گئے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سائٹس ، سکول اور ہیلتھ فیسلٹی دورہ کرایا جائیگا گا جہاں وفد کے ارکان پنجاب میں سروس ڈلیوری کے معیار کو جانچنے کے لئے صفائی ، صحت اور تعلیم کے حوالے حکومتی اقدامات عوامی زندگی پر ان کی وجہ سے ہونے والے اثرات کا جائزہ لیں گے۔