راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں شہری 17موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات، موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے ،17افراد سے جھپٹا مار کران کے موبائل اور نقدی چھین لی گئی ۔اسلام آباد میں بھی15 وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ2 کاریں ،8 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے۔تھانہ سبزی منڈی اور ہمک کے علاقے میں اسلحہ کی نوک پر دو موبائل فونز اور نقدی چھین لی گئی ۔3گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر شہریوں سے پانچ موبائل، نقدی چھین لی گئی۔ تھانہ مورگاہ کے علاقہ مورگاہ میں3نامعلوم ملزمان خالد مسیح سےموٹرسائیکل چھین لے گئے۔ تھانہ روات کے علاقہ اٹامک سوسائٹی میں4 نامعلوم ملزمان محمد جاوید ملک کے گھر داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر گھروالوں کویرغمال بنا کر دو تولے سونا اور اڑھائی لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔ ہولی فیملی میں عمر فاروق ، محمد ندیم کا موبائل ،کمرشل مارکیٹ میں آسیہ عامر کا موبائل ،مسلم ٹاؤن میں خرم شہزاد کے گھرسے 2لاکھ روپے اورسونا 3تولہ ،پنڈ مہلو میں محمد کبیر کاموبائل اور 25 ہزار روپے چوری کرلئے گئے ۔