حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان کو ’صنم تیری قسم‘ پر غیر متزلزل اعتماد تھا اور فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے سلطان، دبنگ اداکار سلمان خان نے 9 برس قبل ہی فلم ’صنم تیری قسم‘ کو سُپر ہٹ قرار دے دیا تھا۔
ماورا حسین نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ فلم ’صنم تیری قسم‘ کی پوری شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے ٹیم کو بہت سپورٹ کیا۔
ماورا حسین نے بتایا کہ چونکہ ہدایت کار رادھیکا راؤ پہلے بھی سلمان خان کے ساتھ کام کر چکی ہیں اس لیے پوری فلم کے دوران ان کی طرف سے بہت حمایت ملی۔
واضح رہے کہ فلم صنم تیری قسم کی ریلیز کے 9 سال بعد شاندار کامیابی کے بعد ہدایت کار ونے سپرو اور رادھیکا راؤ نے بھی اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان نے فلم کا پہلا 2 منٹ کا ٹریلر دیکھتے ہی اسے سُپر ہٹ قرار دے دیا تھا۔
ہدایت کار ونے سپرو نے یہ بھی بتایا کہ سلمان خان نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے فلم کی پروموشن میں بھی ساتھ دیا۔
واضح رہے کہ اس وقت یہ فلم شائقین کو متاثر نہ کر سکی تھی لیکن اب 9 برس بعد سلمان خان کی پیش گوئی درست ثابت ہو گئی۔