کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کی تعلیمی ترقی کے وژن کی روشنی میں بلوچستان کابینہ کی منظوری کے بعد گورنر و چانسلر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کی جانب سے میر غلام قادر بگٹی سب کیمپس آف میر چاکر خان رند یونیورسٹی ایٹ سوئی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ،یہ سب کیمپس بلوچستان یونیورسٹیز ایکٹ 2022 کے تحت قائم کردہ وائس چانسلرز کمیٹی کی سفارشات اور حکومت بلوچستان صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد قائم کیا گیا ،جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا ،فیصلے کے تحت میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کا نیا سب کیمپس سوئی میں قائم ہوگا جس سے علاقے کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت تعلیمی شعبے میں ترقیاتی اقدامات کو اولین ترجیح دے رہی ہے، تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری اور جدید تعلیم ان کے اپنے علاقوں میں دستیاب ہو ،اقدام کا مقصد بلوچستان میں تعلیمی ترقی کو فروغ اور جدید تعلیمی سہولیات کو مزید وسعت دینا ہے ،اس سلسلے میں میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نئے قائم شدہ سب کیمپس کی ایچ ای سی سے منظوری اور یہاں سے جاری ہونے والی ڈگریوں کی باقاعدہ تسلیم شدگی کے لئے ضروری اقدامات کریں۔