اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیراعظم شہباز شریف کے بیرون ملک سفار ت خانوں کی کارکردگی بڑھانے کا ٹاسک پورا کرنے کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کر دی ۔ ذیلی کمیٹی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر قائم کی گئی ، رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی آٹھ رکنی ذیلی کمیٹی کے کنوینر مقرر کئے گئے ہیں، کابینہ ڈویژن نے ذیلی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ،ذیلی کمیٹی جامع تجاویز اسحاق ڈارکی سربراہی میں قائم ’ریشنائلائزنگ پاکستانز مشنز اَبراڈ‘ کی مرکزی کمیٹی کو پیش کرے گی ، پاکستانی سفارت خانوں کی اصلاح اور کارکردگی بڑھانے کے لئے قائم مرکزی کمیٹی نے 15 فروری کو ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا ۔ذیلی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج (جمعرات) کو بلال اظہر کیانی کی صدارت میں ہوگا، داخلہ، تجارت،خارجہ،خزانہ، اطلاعات ونشریات اور اوورسیز پاکستانیزکی وزارتوں کے ایڈیشنل سیکریٹری ذیلی کمیٹی کے رکن ہونگے، کابینہ ڈویژن کے ادارہ جاتی اصلاحات سیل کے جوائنٹ سیکریٹری کو بھی ذیلی کمیٹی کا رکن مقرر کیاگیا ہے۔ ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارت خانوں کی مجموعی کارکردگی، ڈھانچے، درپیش مسائل کا تفصیلی تجزیہ کرے گی۔