پشاور ( وقائع نگار )وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایات پر رمضان المبارک کی آمد سے قبل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع مردان اور دیر اپر میں چھاپے ماری، جن میں بڑی مقدار میں ناقص خوراک ضبط کر کے تلف کر دی گئی۔ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے پار ہوتی کے علاقے میں ڈسٹریبیوشن پوائنٹ پر چھاپہ مار کر 350 کارٹن زائد المیعاد سافٹ ڈرنکس ضبط کر لی گئیں، جبکہ ایک اور کارروائی میں 450 کلو سے زائد خراب چکن قبضے میں لے کر تلف کر دیا گیا۔ ، یہ خراب چکن مقامی کباب شاپس اور ریسٹورنٹس کو سپلائی کیا جانا تھا۔ انسپکشن ٹیم نے ملوث افراد پر بھاری جرمانے عائد کر کے گودام کو سیل کر دیا۔ علاوہ ازیں، پشاور سے مردان سپلائی کی جانے والی مس لیبل مٹھائی بھی ضبط کر کے جرمانہ عائد کیا گیا۔